حکومتی پالیسیاں معیشت کو سنبھالنے میں ناکام،ملک حسن اسلم

حکومتی پالیسیاں معیشت کو سنبھالنے میں ناکام،ملک حسن اسلم

حکومتی پالیسیاں معیشت کو سنبھالنے میں ناکام،ملک حسن اسلم لاکھوں خاندان غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں

جوہرآباد (نمائندہ دُنیا )پنجاب اسمبلی کے رکن ملک حسن اسلم اعوان نے کہا ہے کہ حکومت کی ناکام معاشی پالیسیاں معیشت کی سمت درست کرنے کے بجائے مزید بگاڑ پیدا کر رہی ہیں اور لاکھوں خاندان غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو برائے نام ریلیف دے کر بہلایا نہیں جا سکتا بلکہ مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے ۔میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیٹرول، ڈیزل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے مہنگائی کے ایک نئے طوفان کو جنم دیا ہے ، جس کے اثرات براہِ راست عام شہری کی زندگی پر پڑ رہے ہیں۔ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں نمایاں اضافہ ہو چکا ہے جبکہ بجلی، گیس اور ایل پی جی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کو روکنے میں حکومت مکمل طور پر ناکام نظر آتی ہے اور نااہل حکمرانوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔ ملک حسن اسلم اعوان نے مطالبہ کیا کہ حکمران اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کریں اور عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کریں۔انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان تحریک انصاف عوام کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور مہنگائی کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کرتی رہے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں