کندیاں مین بازار کے ترقیاتی کاموں میں تاخیر پر برہمی
کندیاں مین بازار کے ترقیاتی کاموں میں تاخیر پر برہمیاسسٹنٹ کمشنر چودھری ظفر اقبال کا دورہ ،ٹھیکیدار کو وارننگ دی گئی
کندیاں (نمائندہ دنیا)اسسٹنٹ کمشنر چودھری ظفر اقبال نے کندیاں مین بازار کا دورہ کیا اور شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے مین بازار کو اکھاڑنے کے باوجود طویل عرصہ تک کام شروع نہ کرنے پر ٹھیکیدار پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ سرکاری فنڈز قوم کی امانت ہیں اور ان کے ضیاع کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور شفافیت ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔چودھری ظفر اقبال نے واضح کیا کہ یہ منصوبہ شہریوں اور تاجروں کے مفاد میں شروع کیا گیا ہے اور اسے کسی صورت کرپشن کی نذر نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اگر ٹھیکیدار کام میں سنجیدہ نہیں یا تاخیری حربے اختیار کر رہا ہے تو اسے فوری بلیک لسٹ کیا جائے اور کسی نئے ٹھیکیدار کے ذریعے کام کو جلد مکمل کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ بازار کی بندش سے تاجروں کو مشکلات کا سامنا ہے ، لہٰذا منصوبے کو جلد مکمل کرکے شہریوں اور تاجروں کو ریلیف فراہم کیا جائے ۔