سرکاری سکول،بوگس داخلوں کی روک تھام کیلئے سخت فیصلہ
سرکاری سکول،بوگس داخلوں کی روک تھام کیلئے سخت فیصلہایجوکیشن حکام نے تصدیق کے عمل کو مؤثر بنانے کیلئے یونین کونسلوں میں بچوں کے ریکارڈ تک رسائی مانگ لی
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)سرگودھا سمیت ریجن بھر کے سرکاری سکولوں میں بوگس داخلوں کی حوصلہ شکنی اور داخلہ مہم 2026 کے اہداف کی سو فیصد تکمیل کے لیے چیک اینڈ بیلنس بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔اس ضمن میں ایجوکیشن حکام نے سرکاری سکولوں سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار کی تصدیق کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے یونین کونسلوں میں بچوں کے ریکارڈ تک رسائی کی اجازت طلب کی ہے ۔ذرائع کے مطابق گزشتہ تین سالوں سے سرکاری سکولوں اور مانیٹرنگ اداروں کی جانب سے فراہم کردہ داخلوں کے اعداد و شمار میں نمایاں تضاد سامنے آنے پر حکومت نے امسال داخلہ مہم کی نگرانی مزید سخت کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے ۔نئے داخل ہونے والے بچوں کے ب فارم کی یونین کونسلوں سے تصدیق کروائی جائے گی، جس کے لیے ایجوکیشن حکام نے لوکل گورنمنٹ سے ریکارڈ تک رسائی کی باضابطہ اجازت طلب کر لی ہے ۔حکام کے مطابق تصدیق کے بعد اگر ریکارڈ میں کوئی تضاد پایا گیا تو ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔