ڈپٹی کمشنر خوشاب کا مریم نواز ہیلتھ کلینک بوتالہ کا دورہ
ڈپٹی کمشنر خوشاب کا مریم نواز ہیلتھ کلینک بوتالہ کا دورہ ایم ایس ڈاکٹر احمد خان نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر بریفنگ دی
خوشاب(نمائندہ دُنیا)ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر نے حکومت پنجاب کی جانب سے دیہی علاقوں میں فراہم کی جانے والی صحت سہولیات کے جائزے کے لیے مریم نواز ہیلتھ کلینک بوتالہ کا دورہ کیا۔تفصیلات کے مطابق اس موقع پر ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال جوہرآباد ڈاکٹر احمد خان، ڈیوٹی ڈاکٹر اور نرسنگ سٹاف بھی موجود تھا۔ ایم ایس ڈاکٹر احمد خان نے کلینک میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی ادویات اور طبی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے فی میل وارڈز، فارمیسی اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا جبکہ مریضوں کو فراہم کی جانے والی ادویات اور سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ڈاکٹرز اور نرسنگ سٹاف کی حاضری چیک کی۔اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فری میڈیسن ویژن کو ہر صورت عملی جامہ پہنایا جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے ، اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔