صحافی کالونی میں کام کی رفتار تیز کرنے کی ضرورت ، پریس کلب
صحافی کالونی میں کام کی رفتار تیز کرنے کی ضرورت ، پریس کلب مسترددرخواستوں پر امیدواروں کو نظرثانی کی درخواست دینے کا حق حاصل ہوگا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا پریس کلب کی ایگزیکٹو باڈی کا تیسرا اجلاس زیرصدارت صدر عبدالحنان چوہدری منعقد ہوا، اجلاس کی کارروائی جنرل سیکرٹری ملک کامران نے شروع کرائی،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صحافی کالونی کی حکومتی منظوری کے بعد ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔ اس سلسلے میں چیئرمین صحافی کالونی ندیم خان، ممبران شہزاد شیرازی اور میاں محسن کو ہدایت کی گئی کہ وہ جلد از جلد پیش رفت سے ایوان کو آگاہ کریں۔
مزید برآں حکومت پنجاب سے ملنے والی گرانٹ کے چیک کی فوری وصولی کو بھی یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔اجلاس میں چیئرمین سکروٹنی کمیٹی انیس اکرم نے سکروٹنی کے بعدنو نئے ووٹر ممبران کے ناموں کا اعلان کیا، جن میں ملک فضل، محمد عمر، ملک الطاف، کنور آصف اقبال، شہید علی حیدر، ذوالقرنین، التمش بھٹی، جی حسنین اور زاہد مقبول شامل ہیں۔ اس موقع پر انیس اکرم نے واضح کیا کہ مسترد ہونے والی درخواستوں پر امیدواروں کو نظرثانی کی درخواست دینے کا حق حاصل ہوگا،اجلاس کے دوران جنرل سیکرٹری ملک کامران، ارشد محمود ارشی، عبدالوہاب اور شیخ محمد عثمان نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔