سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں پینے کا صاف پانی کی عدم دستیابی

سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں پینے کا صاف پانی کی عدم دستیابی

بچے بیماریوں کا شکار ،واش رومز کی صفائی کا خاطر خواہ خیال نہیں رکھا جا رہا

بھیرہ(نامہ نگار)تحصیل بھیرہ کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں طلبہ کو پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی اور واش رومز کی ابتر حالت ایک سنگین مسئلہ بن چکی ہے ، جس کے باعث معصوم بچے مختلف بیماریوں کا شکار ہونے لگے ہیں متعدد سکولوں میں نہ تو صاف اور ٹھنڈے پانی کا مناسب انتظام موجود ہے اور نہ ہی واش رومز کی صفائی کا خاطر خواہ خیال رکھا جا رہا ہے ۔ گندگی اور ناقص نکاسی آب کے باعث تعلیمی اداروں کا ماحول غیر صحت بخش بنتا جا رہا ہے اور آلودہ پانی کے استعمال اور غیر معیاری صفائی کے باعث بچوں میں ڈائریا، ہیپاٹائٹس اور دیگر متعدی امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں۔

بھیرہ پریس کلب رجسٹرڈ کے ظفر اقبال کھوکھر محمد عظمت اقبال زبیر اسلم طور اور فرحان ظفر بھٹی نے کہا ہے کہ شدید گرمی کے موسم میں صاف پانی کی کمی نے صورتحال کو مزید گھمبیر بنا دیا ہے ، جس سے بچوں کو پیاس، کمزوری اور دیگر مسائل کا سامنا ہے انہوں نے ڈپٹی کمشنر سرگودھا اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں فوری طور پر صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور واش رومز کی صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ بچوں کو محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں