میانوالی میں جماعت اسلامی کا مہنگائی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

 میانوالی میں جماعت اسلامی کا مہنگائی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

میانوالی (نامہ نگار)جماعت اسلامی کا مہنگائی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ‘حکومت جنگ کے بہانے عوام کی چمڑی ادھیڑ رہی ہے ۔

پٹرول،بجلی اور گیس کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر بلاجواز اضافہ کیا جا رہا ہے ،عوام کے چولہے ٹھنڈے پڑگئے ہیں جبکہ حکمرانوں کی مراعات اور عیاشیاں عروج پر ہیں. امیر جماعت اسلامی ضلع میانوالی حافظ جاوید اقبال ساجد کا مظاہرے سے خطاب۔جمعہ کے روز جماعت اسلامی نے یونیورسٹی چوک پر پٹرول بجلی اور گیس کی قیمتوں میں آئے روز بلاجواز اضافے اور ٹیکسوں کی بھرمار کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

.احتجاجی مظاہرے کی ملک گیر کال حافظ نعیم الرحمن نے دی تھی‘ مظاہرین امیر جماعت اسلامی ضلع میانوالی حافظ جاوید اقبال ،نائب امیر ضلع عبدالجبار خان نیازی اور قیم ضلع عدنان احمد خان کی قیادت میں ریلی کی شکل میں ضلعی مرکز جماعت اسلامی سے یونیورسٹی چوک پہنچے جہاں حافظ جاوید اقبال نے خطاب کرتے ہوئے پٹرول بجلی اور گیس کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے پر حکومت پر شدید تنقید کی۔

.انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کے ساتھ مہنگے معاہدے ابھی تک ختم نہیں کئے جا رہے ،کیپسٹی چارجز کے نام پر انہیں مفت میں نوازا جا رہا ہے جنگ کے نام پر ہر ہفتے پٹرول کی قیمت میں اضافہ کردیا جاتا ہے ،بجلی کے بلوں میں فکسڈ چارجز کے نام پر نیا ٹیکس شامل کر دیا گیا ہے ۔ آخر میں نائب امیر ضلع عبدالجبار خان نیازی کی دعا کے ساتھ مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں