سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش،ملزم گرفتار، بندوق برآمد
خوف و ہراس پھیلانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں: ڈی پی او
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)سوشل میڈیا پر غیر قانونی اسلحہ کی نمائش کرنے والا ملزم پولیس کی گرفت میں آ گیا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا محمد صہیب اشرف کی خصوصی ہدایت پر سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش کرنے اور امن عامہ میں خلل ڈالنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ایس ایچ او شاہ پور سٹی منور اقبال نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم عامر حیات کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے 12 بور رپیٹر بندوق بھی برآمد کر لی گئی۔پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔ڈی پی او سرگودھا نے کہا کہ سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش کر کے خوف و ہراس پھیلانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی بالادستی ہر صورت قائم رکھی جائے گی اور نوجوان نسل کو گمراہ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔انہوں نے شہریوں کو خبردار کیا کہ وہ اس قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں سے گریز کریں، ورنہ سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔