قوالیِ امن و بزمِ کھیل تقریب، طلبہ کو پیس ایمبیسڈر کا اعزاز
اتحاد، احترام اور پرامن بقائے باہمی کو فروغ دینا ممکن ہے :ارم حامد حمید
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) انٹرنیشنل ادارہ اسکوس کے زیر اہتمام قوالیِ امن و بزمِ کھیل کے عنوان سے ایک پُروقار تقریب کا انعقاد سرگودھا کیتھولک ہائی سکول چک نمبر 47 شمالی میں کیا گیا۔تقریب کا مقصد بچوں اور نوجوانوں میں امن، بین المذاہب ہم آہنگی، برداشت، قومی یکجہتی اور مثبت سماجی رویوں کو فروغ دینا تھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ارم حامد حمید نے اسکوس آرگنائزیشن کے زیرِ اہتمام بلیف پروجیکٹ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ موسیقی، کھیل اور تخلیقی سرگرمیوں کے ذریعے نوجوان نسل میں برداشت، اتحاد، احترام اور پرامن بقائے باہمی کو فروغ دینا ممکن ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایسے پروگرام معاشرے میں محبت، ہم آہنگی اور امن کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ معاشرے میں امن، بھائی چارے اور رواداری کے پیغام کو عام کرنے کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے ۔تقریب میں مختلف اسکولوں کے طلبہ نے امن، محبت، رواداری اور قومی اتحاد پر مبنی ملی نغمے ، امن کے گیت اور تخلیقی پرفارمنس پیش کیں۔
اس موقع پر کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے اسکولوں، اساتذہ اور کوچز میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے جبکہ شریک بچوں کو سفیرِ امن (پیس ایمبیسڈر) کے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔