ڈی آئی جی جیل خانہ کا ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا کا دورہ

ڈی آئی جی جیل خانہ کا ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا کا دورہ

جیلوں کی بیرونی و اندرونی سکیورٹی، چیک پوسٹس ،مانیٹرنگ سسٹم کو چیک کیا

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈی آئی جی جیل خانہ جات سعید اﷲ گوندل نے ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا اور ڈسٹرکٹ جیل شاہپور کا تفصیلی دورہ کیا، دورے کے دوران انہوں نے جیلوں کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور انتظامی و سکیورٹی امور کا جائزہ لیا،ڈی آئی جی نے جیلوں کی بیرونی و اندرونی سکیورٹی، چیک پوسٹس، بیرکس، واک تھرو گیٹس اور سی سی ٹی وی مانیٹرنگ سسٹم کو خصوصی طور پر چیک کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے اور کسی بھی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی،انہوں نے جیل ہسپتال کا بھی دورہ کیا جہاں زیر علاج قیدیوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈی آئی جی نے قیدیوں میں تقسیم کیے جانے والے کھانے کے معیار کو چیک کیا اور باورچی خانے کا معائنہ کرتے ہوئے صفائی اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایات جاری کیں۔

دورے کے دوران انہوں نے ملاقات کے لیے آنے والے افراد کی چیکنگ کے عمل اور داخلی و خارجی راستوں پر تعینات عملے کی کارکردگی کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے جیل عملے کو ہدایت کی کہ تمام آنے جانے والوں کی مکمل تلاشی اور ریکارڈ کی جانچ کو یقینی بنایا جائے تاکہ سیکیورٹی کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے ،سعید اﷲ گوندل نے صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے ، قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات میں مزید بہتری لانے اور ڈسپلن برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے افسران اور اہلکاروں کو اپنی ذمہ داریاں دیانتداری اور فرض شناسی سے انجام دینے کی ہدایت بھی کی،دورے کے اختتام پر انہوں نے جیل انتظامیہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور ضروری انتظامی امور سے متعلق احکامات جاری کیے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں