یونیورسٹی آف سرگودھا میں طلبہ پراجیکٹس پر مشتمل نمائش
سائبر سکیورٹی، انٹرنیٹ آف تھنگز اور موبائل ایپلی کیشنز کے شعبوں میں منصوبے پیش
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) یونیورسٹی آف سرگودھا میں ڈیپارٹمنٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام سال آخر کے طلبہ پراجیکٹس پر مشتمل نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس، سائبر سکیورٹی، انٹرنیٹ آف تھنگز (آئی او ٹی) اور موبائل ایپلی کیشنز کے شعبوں میں جدید منصوبے پیش کیے ۔ نمائش میں طلبہ نے حقیقی مسائل کے حل پر مبنی ٹیکنالوجی منصوبے پیش کیے ۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان کے ہمراہ نمائش کا دورہ کیا اور طلبہ کے تخلیقی اور جدید پراجیکٹس کو سراہا۔ انہوں نے اساتذہ کی رہنمائی اور علمی معیار کے فروغ کے لیے ان کی کاوشوں کی بھی تعریف کی۔ تقریب کا انعقاد ڈیپارٹمنٹ آف آئی ٹی کے انچارج ڈاکٹر خالد محمود عامر اور فیکلٹی آف کمپیوٹنگ اینڈ آئی ٹی کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس کی نگرانی میں کیا گیا۔
نمائش میں اساتذہ، صنعتی شعبے سے تعلق رکھنے والے نمائندگان اور جامعہ انتظامیہ کے حکام نے شرکت کی اور طلبہ کے منصوبوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ماہرین نے طلبہ کی تکنیکی مہارت اور تخلیقی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں تحقیق اور جدت کے سفر کو جاری رکھنے کی تلقین کی۔ یونیورسٹی آف سرگودھا کے پلیسمنٹ آفس نے ٹیکنالوجی کمپنی لیمیو ایکس کے اشتراک سے ’’اے آئی/ایم ایل انٹرن شپ ڈرائیو 2026‘‘کا انعقاد کیا، جس کا مقصد طلبہ کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور مشین لرننگ کے شعبوں میں ابھرتے ہوئے مواقع سے روشناس کرانا تھا۔ طلبہ کو اے آئی انڈسٹری کے تقاضوں اور عملی مہارتوں سے آگاہ کیا گیا۔