روٹی، نان، بیکری آئٹمز سمیت دیگر اشیاء کی فروخت سرکاری نرخنامے کے مطابق یقینی بنائی جائیں،ڈپٹی کمشنر بھکر
بھکر(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی کی ہدایات کی روشنی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر محمد ارشد وٹو کی زیرصدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ضلع بھر میں گراں فروشی کی روک تھام اور سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کے حوالے خصوصی ہدایات جاری کی گئیں۔اجلاس کے دوران بیکریز،تندوروں اور اشیائے ضروریہ کی دکانوں پر انسپکشن کے عمل کو تیز رفتار بنانے کے احکامات جاری کئے گئے ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے ہدایت کی کہ مارکیٹ میں زیادہ سے زیادہ انسپکشنز کی جائیں اور روٹی، نان، بیکری آئٹمز سمیت دیگر اشیاء کی فروخت سرکاری نرخنامے کے مطابق یقینی بنائی جائیں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ گراں فروشی، ذخیرہ اندوزی یا ناقص اشیاء کی فروخت کی روک تھام کے حوالہ سے بھرپور ایکشن لے رہی ہے ۔انہوں نے مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں مؤثر طریقہ سے متحرک رہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے ۔