قبضہ مافیا کیخلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا حکم
ڈی جی ایف ڈی اے نے عوامی مسائل سنے ،حل کے احکامات جاری
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے آصف چودھری نے قبضہ مافیا کیخلاف بھرپور اور بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کا حکم دیدیا اور واضح کیا ہے کہ سرکاری اراضی پر ناجائز قبضوں کیخلاف پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے ۔ انہوں نے یہ ہدایات اپنے دفتر میں اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں کی شکایات اور مسائل سنتے ہوئے جاری کیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج،اسما محسن سمیت دیگر متعلقہ افسر بھی موجود تھے ۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے شہریوں سے براہ راست درخواستیں وصول کیں اور انکے مسائل کے فوری حل کیلئے متعلقہ افسروں کو موقع پر ہی ضروری احکامات جاری کیے ۔ شہریوں سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے کا ناجائز قابضین، غیر قانونی تعمیرات، غیر منظور شدہ کمرشلائزیشن اور غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کیخلاف بھرپور آپریشن جاری ہے ، کسی اہلکار کی ملی بھگت یا غفلت ثابت ہوئی تو اس کیخلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔ شہری اپنے مسائل حل کیلئے بلا جھجک ایف ڈی اے سے رابطہ کریں، انکے مسائل کے تیز رفتار اور شفاف حل کیلئے مزید مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔