بھیرہ: مسلم ہینڈز کے زیرِ اہتمام مستحق طلبہ میں رقوم تقسیم
بھیرہ: مسلم ہینڈز کے زیرِ اہتمام مستحق طلبہ میں رقوم تقسیمسو سے زائد سکول یتیم اور مستحق بچوں کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کر رہے :شاہد رفیق
بھیرہ (نامہ نگار )مسلم ہینڈز انٹرنیشنل اپنے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات میں 40 لاکھ روپے سے زائد کی رقم تقسیم کر رہی ہے تاکہ مستحق خاندان بھی عید کی خوشیوں میں بھرپور انداز میں شریک ہو سکیں۔مسلم ہینڈز سکول آف ایکسیلنس بھیرہ میں منعقدہ تقریب میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حافظ محمد اسماعیل، بھیرہ پریس کلب رجسٹرڈ کے صدر شاہین فاروقی، گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج بھیرہ کے پرنسپل پروفیسر ریاض حسین عامر، بینک منیجر مہر محمد عامر، عطا الرحمن اقبال، محمد عظمت اقبال اور محمد نرگس نے طلبہ و طالبات میں کیش انعامات اور امدادی رقوم تقسیم کیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل کوآرڈینیٹر شاہد رفیق نے کہا کہ مسلم ہینڈز کے زیرِ انتظام ملک بھر میں ایک سو سے زائد سکول یتیم اور مستحق بچوں کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے 60 فیصد نمبر حاصل کرنے والے طالب علم کو ایک لاکھ روپے جبکہ 80 فیصد نمبر حاصل کرنے والے طالب علم کو دو لاکھ روپے تک اسکالرشپ دی جا رہی ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ مسلم ہینڈز کے تین طلبہ اس وقت فیفا مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں، جو ادارے کے لیے اعزاز کی بات ہے ۔پروگرام آفیسر عمیر فاروق نے کہا کہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد انٹرن شپ کے دوران طلبہ کو 30 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ بھی فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ وہ عملی زندگی میں بااعتماد انداز سے آگے بڑھ سکیں۔انہوں نے بتایا کہ میانی، بھیرہ، بھلوال اور جھاوریاں میں قائم مسلم ہینڈز سکولوں میں اس وقت 650 سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں جنہیں سٹار کا نام دیا گیا ہے ۔