عیدپر پلان پر عمل درآمد کیلئے 5ادارے یکجا ہو کر کام کرینگے
عیدپر پلان پر عمل درآمد کیلئے 5ادارے یکجا ہو کر کام کرینگے انتظامیہ نے اپنے اپنے اداروں کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں
سلانوالی(نمائندہ دنیا ) عید الاضحیٰ کے تینوں ایام میں سلانوالی شہر اور قصبات شاہین آباد شاہ نکڈر اور سوبھاگہ سمیت تحصیل سلانوالی کی 19 یونین کونسلز کے 91 چکوک میں صفائی ستھرائی جانوروں کی آلائشیں اور دیگر باقیات کو بروقت اٹھائے جانے اور انہیں مختص کیے گئے مقامات پر زمین برد کیے جانے خون آلود گلی محلوں چوک چوراہوں و دیگر پبلک مقامات کو واشنگ پاؤڈر اور جراثیم کش فینائل سے دھونے اور بدبو کو دور کرنے کے لیے عرق گلاب سے معطر کرنے کے لیے مرتب شدہ پلان پر من وعن عمل درآمد کے لیے 5 اہم ادارے یکجا ہو کر کام کریں گے ۔ بتایا گیا ہے کہ عید قربان کے حوالہ سے حکومت پنجاب کی واضح پالیسی کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر و ایڈ منسٹریٹر چوہدری محمد اکمل کی قیادت میں چیف آفیسر میونسپل کمیٹی چوہدری محمد عثمان جاوید ثرویا ستھرا پنجاب ایجنسی کے مانیٹرنگ مینیجر چوہدری زیشان آصف اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ سرگودھا چوہدری خرم شہزاد وڑائچ اور پیرا فورس سلانوالی کے انچارج مہر حسن سیال نے اپنے اپنے اداروں کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں ۔
اور تمام ملازمین کو عید الاضحیٰ کے پہلے یوم سے ہی الصبح اپنی اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لیے ڈیوٹیاں انجام دینے کے لیے ڈیوٹی روسٹر کے مطابق حاضری یقینی بنانا ہوگی اسسٹنٹ کمشنر چوہدری محمد اکمل نے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ کے تینوں ایام میں تمام اداروں کو اپنی ذمہ داریاں فرض سمجھ کر انجام دینا ہوں گی اور اچھا کام کرنے والے انعام کے حقدار جبکہ کوتاہی کے مرتکب سزاؤں کے حقدار ہوں گے اسسٹنٹ کمشنر چوہدری محمد اکمل و دیگر ہیڈ افسران نے اہلیان سلانوالی سے اپیل کی ہے کہ وہ سلانوالی انتظامیہ خصوصاً ستھرا پنجاب ایجنسی سے عید الاضحیٰ کے ایام میں صحت و صفائی کے نظام کی بہتری کے لیے بھرپور تعاون کریں۔