جعلی اور نشہ آور ادویات کی فروخت ، شہریوں میں تشویش
جعلی اور نشہ آور ادویات کی فروخت ، شہریوں میں تشویشنشے کے عادی افراد کی بڑی تعداد ان ادویات سے مبینہ طور پر فائدہ اٹھا رہی
سرگودھا (سٹاف رپورٹر ) شہر کے مختلف میڈیکل سٹورز پر مبینہ طور پر جعلی اور نشہ آور ادویات کی فروخت جاری ہونے کا انکشاف ہوا ہے ، جبکہ متعلقہ انتظامیہ کی خاموشی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ذرائع کے مطابق بعض میڈیکل سٹورز پر ممنوعہ اور نشہ آور گولیاں، کیپسول اور انجکشن کی فروخت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے ، جس کے باعث نشے کے عادی افراد کی بڑی تعداد ان ادویات سے مبینہ طور پر فائدہ اٹھا رہی ہے ۔اطلاعات کے مطابق معاشی و سماجی دباؤ کے باعث نشہ آور ادویات کے استعمال میں اضافہ ہو رہا ہے ، جبکہ بعض میڈیکل سٹورز پر غیر رجسٹرڈ اور سمگل شدہ ادویات بھی وسیع پیمانے پر فروخت کی جا رہی ہیں۔مزید بتایا جاتا ہے کہ متعدد مقامات پر مبینہ طور پر ممنوعہ ادویات کا غیر قانونی کاروبار بھی جاری ہے ، جبکہ بعض ملٹی نیشنل کمپنیوں کی جعلی ادویات بھی بلیک میں فروخت ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں، جن کے استعمال سے مریضوں کی صحت مزید بگڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس غیر قانونی دھندے کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کو صحت کے سنگین خطرات سے بچایا جا سکے ۔