کینو کی بہتر پیداوار و مارکیٹنگ کیلئے کسانوں کی تربیتی ورکشاپ
کینو کی بہتر پیداوار و مارکیٹنگ کیلئے کسانوں کی تربیتی ورکشاپ گریڈنگ، سورٹنگ، پیکنگ اور مارکیٹنگ کے موضوع پر تفصیلی تبادلہ خیال
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)حکومت پنجاب کے ترقیاتی منصوبے زرعی مارکیٹنگ معلوماتی سروس (SAMIS) کے تحت سہولت مرکز برائے زرعی تجارت سرگودھا کے زیر اہتمام کینو کی بعد از برداشت دیکھ بھال، گریڈنگ، سورٹنگ، پیکنگ اور مارکیٹنگ کے موضوع پر ایک روزہ تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا۔ یہ پروگرام چک 78 شمالی، ڈیرہ چوہدری ارسلان شرافت میں ہوا۔پروگرام کا مقصد کاشتکاروں کو جدید زرعی مارکیٹنگ، بعد از برداشت نقصانات میں کمی، معیاری پیکنگ، بہتر ذخیرہ کاری اور منڈی تک رسائی کے جدید طریقہ کار سے آگاہ کرنا تھا تاکہ کسان اپنی پیداوار کا بہتر معاوضہ حاصل کر سکیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت (معاشیات و تجارت) پنجاب ڈاکٹر تنویر خالق شامی نے بطور مہمانِ خصوصی جبکہ اکبر حیات سگھو (ڈائریکٹر سی آر ای سرگودھا) نے مہمانِ اعزاز کے طور پر شرکت کی۔ مقررین نے حکومت پنجاب کے کسان دوست اقدامات اور SAMIS منصوبے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جدید مارکیٹنگ اور ویلیو ایڈیشن کے فروغ سے کاشتکاروں کی آمدن میں نمایاں اضافہ ممکن ہے ۔انہوں نے کہا کہ SAMIS منصوبہ کسانوں کو مارکیٹ معلومات، بہتر قیمتوں، جدید پیکنگ اور برآمدی معیار سے متعلق رہنمائی فراہم کر رہا ہے جبکہ دیہی سطح پر آگاہی سرگرمیوں کے ذریعے کاشتکاروں کو جدید زرعی رجحانات سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے ۔آخر میں ڈائریکٹر زراعت نے سہولت مرکز برائے زرعی تجارت سرگودھا کے ہیڈ طارق محمود سیفر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایگریکلچر (معاشیات و تجارت)، مارکیٹنگ سپورٹ اسسٹنٹ اور ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کامیاب پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد دی۔پروگرام میں کاشتکاروں، زمینداروں، زرعی ماہرین اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔