کھالیں جمع کرنیوالے اداروں کے اکائونٹس کی چھان بین
کالعدم تنظیموں اور غیر مجاز اداروں کے خلاف کارروائی کا دائرہ وسیع ،الزامات درست ہوئے تو متعلقہ اکاؤنٹس منجمد کیے جانے کا امکان ، اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب
سرگودھا (سٹاف رپورٹر )حکومت پنجاب نے عیدالاضحیٰ کے دوران قربانی کی کھالیں اور چندہ جمع کرنے کے معاملے پر کالعدم تنظیموں اور غیر مجاز اداروں کے خلاف کارروائی کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ان کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ذرائع کے مطابق حکومت پہلے ہی 60 سے زائد کالعدم تنظیموں اور جماعتوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان پر پابندی عائد کر چکی ہے ۔ عیدالاضحیٰ کے موقع پر کھالیں اور چندہ جمع کرنے کے لیے مدارس، فلاحی اور مذہبی تنظیموں سمیت مختلف اداروں کی درخواستوں پر اجازت دینے کا اختیار ضلعی انتظامیہ کو دیا گیا تھا۔ضلع سرگودھا میں 50 سے زائد اداروں کی درخواستیں مسترد کی گئیں، تاہم اطلاعات کے مطابق بعض کالعدم تنظیموں اور کئی ایسے اداروں نے ، جنہیں اجازت نہیں دی گئی تھی، اندرونِ خانہ کھالیں اور چندہ جمع کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔عید کے تینوں دنوں کے دوران بغیر اجازت کھالیں اور چندہ جمع کرنے والوں کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن کیا گیا، جس کے نتیجے میں درجنوں مقدمات درج کیے گئے ۔ اس صورتحال کے پیش نظر حکومت نے ایسی تمام فلاحی اور مذہبی تنظیموں کے مالی معاملات کی جانچ پڑتال کا فیصلہ کرتے ہوئے ان کے اکاؤنٹس کی تفصیلات فوری طلب کر لی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران اگر کسی ادارے کے خلاف الزامات درست ثابت ہوئے تو متعلقہ اکاؤنٹس منجمد کیے جانے کا بھی امکان ہے ۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ چندہ اور کھالوں کی وصولی کے عمل کوقانون کے مطابق اور شفاف بنانا ضروری ہے تاکہ فنڈز کا استعمال مقررہ مقاصد کے لیے یقینی بنایا جا سکے ۔