ڈپٹی کمشنر کا تحصیل ساہیوال کا تفصیلی دورہ ،منصوبوںکا جائزہ لیا
ہیڈکوارٹر ہسپتال ساہیوالمیںمریضوں کے لواحقین سے فیڈ بیک بھی لیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے تحصیل ساہیوال کا تفصیلی دورہ کیا اور مختلف ترقیاتی منصوبوں، صحت، صفائی اور عوامی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ساہیوال خان شمس الرحمان اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے اپنے دورے کا آغاز جنرل بس سٹینڈ کے لیے مجوزہ نئی سائٹ کے معائنہ سے کیا جہاں متعلقہ افسران نے انہیں منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی۔انہوں نے ہدایت کی کہ عوامی سہولت، ٹریفک مینجمنٹ اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کو حتمی شکل دی جائے ۔ بعد ازاں انہوں نے ساہیوال سپورٹس سٹیڈیم کا دورہ کیا اور وہاں پر تعمیراتی و بحالی کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نوجوانوں کو معیاری کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام ترقیاتی سرگرمیاں مقررہ معیار اور ٹائم لائن کے مطابق مکمل کی جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال ساہیوال کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر حلقہ کے رکن صوبائی اسمبلی بیرسٹر تیمور خان بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ انہوں نے ادویات کی دستیابی، ڈاکٹرز و عملہ کی حاضری، صفائی ستھرائی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کر کے طبی سہولیات کے بارے میں فیڈ بیک بھی حاصل کیا اور ہدایت کی کہ علاج معالجہ کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔