خاتون محتسب کی تعیناتی انسدادِ ہراسانی کیلئے کی گئی ،نجمہ افضل
خواتین کو ہراساں کرنیوالوں کیخلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) خاتون محتسب پنجاب ڈاکٹر نجمہ افضل خان نے سرگودھا ریجنل آفس کا دورہ کیا اور دفتر کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی ارم حامد حمید، پی ایس او حافظ فاروق انور اور لاء آفیسر نعیم چوہدری بھی موجود تھے ۔ خاتون محتسب پنجاب نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خاتون محتسب کا ادارہ پنجاب انفورسمنٹ آف وومن ایکٹ اور انسدادِ ہراسانی قوانین کے تحت قائم کیا گیا ہے ، جو خواتین کو کام کی جگہ پر ہراسانی سے تحفظ فراہم کرنے اور ان کے حقوق کے موثر دفاع کیلئے سرگرم عمل ہے ۔ ڈاکٹر نجمہ افضل خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی واضح ہدایات ہیں کہ خواتین کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس قانون کے تحت صوبہ بھر میں اب تک 14 ہزار سے زائد ملزمان کو مختلف سزائیں دی جا چکی ہیں جبکہ بعض کیسز میں اعلیٰ عہدوں پر فائز افسران کو ملازمت سے برخاستگی کی سزا بھی دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو جائیداد میں ان کا قانونی حق دلانے کے حوالے سے بھی یہ قانون انتہائی موثر ثابت ہو رہا ہے ۔ تاہم وراثتی جائیداد سے متعلق موصول ہونے والی متعدد شکایات پر فی الحال عدالت عالیہ کے حکمِ التواء کے باعث کارروائی ممکن نہیں۔