مون سون :اداروں کو مکمل الرٹ رہنے کی ہدایت

مون سون :اداروں کو مکمل الرٹ رہنے کی ہدایت

مون سون :اداروں کو مکمل الرٹ رہنے کی ہدایت بلدیاتی اداروں کوتاکید کی گئی کہ بوسیدہ عمارات کا فوری سروے مکمل کریں

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے پری فلڈ اور مون سون سیزن کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس کے بعد ضلعی حکومتوں کو گائیڈ لائن جاری کر دی گئی ، جس کے مطابق ڈائریکٹر آپریشن پی ڈی ایم اے نے محکمہ آبپاشی، بلدیات، ریسکیو 1122، صحت، سول ڈیفنس، پولیس اور دیگر اداروں کے افسران کو مون سون اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے اور کہا گیا ہے کہ افسران فیلڈ میں موجود رہ کر پیشگی انتظامات مکمل کریں۔ نالوں، سیوریج لائنوں اور نکاسی آب کے دیگر ذرائع کی بروقت ڈی سلٹنگ (صفائی) کی جائے تاکہ بارشوں کے دوران پانی جمع نہ ہو۔ بلدیاتی اداروں کو سختی سے تاکید کی گئی کہ تمام خطرناک اور بوسیدہ عمارات کا فوری سروے مکمل کریں اور جہاں ضروری ہو وہاں مکینوں کو بروقت متنبہ کیا جائے تاکہ کسی جانی نقصان سے بچا جا سکے ،محکمہ صحت حکام مون سون اور ممکنہ سیلابی حالات کے پیش نظر ادویات، اینٹی سنیک ویکسین، پانی صاف کرنے والی گولیاں، اور طبی عملے کے ساتھ ساتھ تمام مراکز صحت میں ضروری سہولیات کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے ، اور موبائل میڈیکل ٹیمیں تیار رکھی جائیں، گائیڈ لائن میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ تمام ادارے قومی جذبے اور باہمی رابطے کے ساتھ کام کریں، عوامی شکایات کے فوری ازالے کیلئے ہیلپ لائنز کو موثر بنایا جائے ، اور آگاہی مہم کے ذریعے شہریوں کو احتیاطی تدابیر سے باخبر رکھا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں