اپنا کھیت، اپنا روزگارسکیم:بھیرہ میں 28درخواستیں منظور
اپنا کھیت، اپنا روزگارسکیم:بھیرہ میں 28درخواستیں منظور درخواستوں کی جانچ پڑتال مکمل شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر کی گئی: اے سی
بھیرہ (نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فلاحی پروگرام \"اپنا کھیت، اپنا روزگار\" کے تحت تحصیل بھیرہ میں زرعی اراضی کی الاٹمنٹ کے لیے موصول ہونے والی درخواستوں کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے ۔ مقررہ شرائط اور اہلیت کے معیار پر پورا اترنے والے 28 درخواست دہندگان کی درخواستیں منظور کر لی گئی ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر نمرہ اویس نے بتایا کہ درخواستوں کی جانچ پڑتال مکمل شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر کی گئی۔ مسترد ہونے والی درخواستوں کی فہرستیں تحصیل کمپلیکس میں آویزاں کر دی گئی ہیں تاکہ متعلقہ افراد کو آگاہی حاصل ہو سکے ۔ درخواست دہندگان کو اعتراضات یا دستاویزی خامیوں کے ازالے کے لیے دو روز کا وقت بھی دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان کی ہدایت پر اسکیم کے تحت مسترد ہونے والے درخواست دہندگان کو درخواستیں نامنظور ہونے کی وجوہات اور مکمل تفصیلات بھی فراہم کی گئی ہیں تاکہ وہ حقائق سے مکمل آگاہی حاصل کر سکیں۔اسسٹنٹ کمشنر نمرہ اویس کے مطابق اگر کوئی درخواست دہندہ اپنی درخواست مسترد ہونے کے فیصلے سے مطمئن نہیں تو وہ مقررہ قواعد و ضوابط کے تحت ڈپٹی کمشنر سرگودھا کے پاس اپیل دائر کر سکتا ہے ۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومتی فلاحی منصوبوں میں شفافیت، میرٹ اور مساوی مواقع کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔