گرانفروشی جاری ، مارکیٹ کمیٹی کاغذی کاروائی تک محدود
سبزیوں اور پھلوں کی سرکاری نرخوں پر عدم فروخت، قیمتوں کو متعلقہ ایپ پر بھی اپ لوڈ کر دیا جاتا ہے ، نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے کوئی مؤثر اقدامات نہیں نرخ ناموں میں قیمتیں کم ظاہر کی جاتی ہیں، عام مارکیٹ میں سبزیاں اور پھل سرکاری نرخوں سے 30 سے 40 فیصد زائد قیمت پر فروخت ،حکومتی رٹ نظر نہیں آتی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) مارکیٹ کمیٹی کی کارروائیاں صرف کاغذوں تک محدود، گرانفروشی بدستور جاری،مارکیٹ کمیٹی مبینہ طور پر کاغذی کارروائیوں کے ذریعے حکامِ بالا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے میں مصروف ہے ، جبکہ ضلع بھر میں سبزیوں اور پھلوں کی سرکاری نرخوں پر عدم فروخت اور گرانفروشی کے باعث صارفین بدستور مشکلات کا شکار ہیں،ذرائع کے مطابق مارکیٹ کمیٹی اور بڑے گرانفروشوں کی مبینہ ملی بھگت کے باعث سرکاری نرخ نامے تو باقاعدگی سے جاری کیے جاتے ہیں اور قیمتوں کو متعلقہ ایپ پر بھی اپ لوڈ کر دیا جاتا ہے ، تاہم ان نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے کوئی مؤثر اقدامات نہیں کیے جا رہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر متعدد بار پرائس کنٹرول میکنزم پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایات جاری کر چکے ہیں، لیکن عملی صورتحال اس کے برعکس دکھائی دیتی ہے ۔ روزانہ جاری ہونے والے نرخ ناموں میں قیمتیں کم ظاہر کی جاتی ہیں، جبکہ عام مارکیٹ میں سبزیاں اور پھل سرکاری نرخوں سے تقریباً 30 سے 40 فیصد زائد قیمت پر فروخت کیے جا رہے ہیں،صارفین کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کے غیر سنجیدہ رویے نے گرانفروشوں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے ۔ ان کے مطابق مارکیٹوں میں کہیں بھی حکومتی رٹ نظر نہیں آتی اور پرائس کنٹرول نظام صرف کاغذی حد تک محدود ہو کر رہ گیا ہے ،شہریوں نے اربابِ اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ گرانفروشی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے ، نرخ ناموں پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے اور صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں۔