غیر قانونی ادویات وسیع پیمانے پر سپلائی کا انکشاف

 غیر قانونی ادویات وسیع پیمانے پر سپلائی کا انکشاف

ڈرگ کنٹرول اتھارٹی عموماً میڈیکل اسٹورز کی جانچ پڑتال تک محدود رہتی

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا شہر میں متعدد ایسے ڈسٹری بیوٹرز کے بارے میں انکشاف ہوا ہے جو مبینہ طور پر محکمہ صحت کے بعض افسران کی آشیر باد سے ضلع بھر میں غیر قانونی ادویات وسیع پیمانے پر سپلائی کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق قانونی تقاضوں کو نظر انداز کرتے ہوئے ادویات غیر معیاری اور غیر صحت بخش ماحول میں واقع چھوٹے کمروں میں، بغیر مناسب کولنگ سسٹم کے ذخیرہ کی جا رہی ہیں اور بعد ازاں انہیں مارکیٹ میں فروخت کر دیا جاتا ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرگ کنٹرول اتھارٹی عموماً میڈیکل اسٹورز کی جانچ پڑتال تک محدود رہتی ہے ، جبکہ ادویات سپلائی کرنے والے بعض ڈسٹری بیوٹرز مبینہ طور پر بھاری رقوم خرچ کرکے متعلقہ انتظامیہ کو خاموش رکھنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں،یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ضلع بھر میں 60 سے زائد ڈسٹری بیوٹرز اور 100 سے زیادہ ہول سیلرز کام کر رہے ہیں، جن میں سے متعدد نے شہر کے مختلف علاقوں میں تنگ و تاریک کمروں پر مشتمل مقامات پر ادویات ذخیرہ کر رکھی ہیں۔ ماہرین کے مطابق ادویات کو مقررہ درجہ حرارت اور معیار کے مطابق محفوظ نہ رکھنے سے ان کی افادیت متاثر ہو سکتی ہے ، جس کے نتیجے میں مریضوں کی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں،ذرائع کے مطابق بعض ڈسٹری بیوٹرز دیگر کاروباری امور میں بھی قانونی تقاضوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کام کر رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں