ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز کے فیل طلبہ کیلئے امتحان لینے کا اعلان
خواہش مند امیدوار سنگل فیس کیساتھ 3جولائی 2026تک جمع کراسکیں گے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) یونیورسٹی آف سرگودھا نے ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز کے ایسے طلبہ کے لیے خصوصی امتحان لینے کا اعلان کر دیا ہے جو دوسرے سالانہ امتحان 2025 میں تین سے زیادہ مضامین میں فیل نہیں ہوئے ۔کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر ریحانہ الیاس کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ خصوصی موقع صرف ان طلبہ کے لیے مختص ہے جنہوں نے ایسوسی ایٹ ڈگری برائے آرٹس، ایسوسی ایٹ ڈگری برائے سائنس اور ایسوسی ایٹ ڈگری برائیکامرس کے دوسرے سالانہ امتحان 2025 میں شرکت کی تھی اور تین یا اس سے کم مضامین میں ناکام قرار پائے ۔ اس سہولت سے کسی دوسرے امتحان یا کیٹیگری کے امیدوار استفادہ نہیں کر سکیں گے ۔
امتحان میں شرکت کے خواہش مند امیدوار سنگل فیس کے ساتھ 3 جولائی 2026 تک، ڈبل فیس کے ساتھ 8 جولائی جبکہ ٹرپل فیس کے ساتھ 13 جولائی 2026 تک داخلہ فارم جمع کرا سکیں گے ۔شعبہ امتحانات کی جانب سے امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ داخلہ فارم یونیورسٹی کے آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کرائیں اور مقررہ فیس بینکنگ چینلز کے ذریعے ادا کریں۔ آن لائن درخواست جمع کرانے کے بعد دستخط شدہ ہارڈ کاپی، فیس چالان اور مطلوبہ دستاویزات مقررہ مدت کے اندر دفتر کنٹرولر امتحانات میں جمع کرانا بھی لازمی ہے جبکہ خصوصی امتحانات کا آغاز 22 ستمبر 2026 سے ہوگا۔ مزید برآں رول نمبر سلپس اور ڈیٹ شیٹس یونیورسٹی ویب سائٹ پر جاری کی جائیں گی جبکہ رول نمبر سلپس کی ہارڈ کاپیاں ارسال نہیں کی جائیں گی۔شعبہ امتحانات نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی صورت دستی داخلہ فارم قبول نہیں کیے جائیں گے ۔