2503مجالس اور2404جلوس،سکیورٹی کیٹیگریز میں تقسیم
جلوسوں میں کیٹگری اے کے 166، بی کے 117 اور سی کے 2121 ، کیٹگری اے کی 178, کیٹگری بی 117 جبکہ سی کیٹگری کی 2208 مجالس شامل سی سی ٹی وی کیمرے نصب ،جلوس کے آغاز سے قبل روٹ کی خصوصی ٹیکنیکل سرچنگ ہو گی، بم ڈسپوزل سکواڈ جلوس کے راستے کلیئر کرے گا،چھتوں پر چڑھنے پر مکمل پابندی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) محرم الحرام میں مجالس اور جلوسوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کے لیے سرگودھا پولیس نے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے کر نظر ثانی کا عمل شروع کر دیا ہے ،مجوزہ پلان کے مطابق، محرم الحرام کے دوران ضلع سرگودھا میں مجموعی طور پر 2503 مجالس اور 2404 جلوس برآمد ہوں گے ، جنہیں سکیورٹی انتظامات کے تحت مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے ۔جلوسوں میں کیٹگری اے کے 166، کیٹگری بی کے 117 اور سی کیٹگری کے 2121 شامل ہیں، اسی طرح مجالس میں کیٹگری اے کی 178, کیٹگری بی کی 117 جبکہ سی کیٹگری کی 2208 مجالس شامل ہیں۔سکیورٹی کے فرائض سرانجام دینے کے 5 ہزار سے زائد پولیس افسران و جوان جبکہ 7 ہزار سے زائد رضا کار تعینات کیے جائیں گے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے تمام مکاتبِ فکر کے علماء و کرام، امن کمیٹی کے اراکین، جلوس و مجالس کے منتظمین اور لائسنس داران کے ساتھ خصوصی میٹنگز کا سلسلہ تیز کر دیا گیا ہے شہر بھر کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کا عمل جاری رہے گا۔ سی سی ٹی وی کیمرے جلوسوں کے روٹس پر نصب کئے جا رہے ہیں اور تھری لئیر سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔جلوس کے آغاز سے قبل روٹ کی خصوصی ٹیکنیکل سرچنگ اور سویپنگ کرائی جائے گی، جبکہ بم ڈسپوزل سکواڈ جلوس کے راستے کلیئر کرے گا۔برقعہ پوش خواتین کی تلاشی لیڈی پولیس اہلکار انجام دیں گی۔چھتوں پر چڑھنے پر مکمل پابندی ہو گی۔