ایم بی بی ایس ،بی ڈی ایس کی نشستوں میں اضافے کیلئے مراسلہ
حکومت پنجاب داخلہ پالیسی اور نشستوں کی تفصیلات پہلے ہی جاری کر چکی :محکمہ صحت
لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے ) حکومتِ پنجاب نے سرکاری میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کی نشستوں میں اضافے کے معاملے کو ہنگامی بنیادوں پر نمٹانے کے لیے متعلقہ حکام کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے ۔ محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ حکومت پنجاب نے 21 اگست 2025 کو سرکاری میڈیکل کالجوں میں 475 اضافی نشستوں کی منظوری کے لیے درخواست دی تھی۔مراسلے کے مطابق یہ معاملہ بعد ازاں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے کونسل اجلاس میں زیر غور آیا جہاں اصولی طور پر اضافی نشستوں کی منظوری دے دی گئی۔ محکمہ صحت نے نشاندہی کی ہے کہ ایم ڈی کیٹ 2026 کا انعقاد 12 اگست 2026 کو متوقع ہے جبکہ ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے تعلیمی سیشن 2026-27 کے داخلوں کا عمل بھی جلد شروع ہونے والا ہے ۔محکمہ صحت پنجاب نے اپنے مراسلے میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ حکومت پنجاب داخلہ پالیسی اور نشستوں کی تفصیلات پہلے ہی جاری کر چکی ہے ۔