واسا:پانی کے بلوں کی ادائیگی کیلئے راست کیو آر سسٹم متعارف
واسا ،نجی بینک میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط ،آئندہ بلوں پر کوڈ درج ہوگا
لاہور( این این آئی)واسا لاہور اور نجی بینک کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دئیے گئے جس کے تحت صارفین کو پانی کے بلوں کی ادائیگی کیلئے جدید راست کیو آر پیمنٹ سسٹم کی سہولت فراہم کی جائے گی۔مفاہمتی یادداشت پر ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد اور بینک کے چیف بزنس آفیسر عاطف اسحاق نے دستخط کیے ۔ اس موقع پر دونوں اداروں کے اعلی حکام بھی موجود تھے ۔واسا لاہور راست کیو آر ادائیگی متعارف کروانے والا ملک کا پہلا واٹر یوٹیلیٹی ادارہ بن گیا ہے ۔ اس نئی سہولت کے تحت آئندہ ماہ سے جاری ہونے والے تمام واسا بلوں پر ایک منفرد راست کیو آر کوڈ درج کیا جائے گا۔حکام کے مطابق صارفین موبائل بینکنگ ایپ یا موبائل والٹ کے ذریعے کیو آر کوڈ اسکین کر کے چند سیکنڈ میں اپنے بل ادا کر سکیں گے ۔ اس نظام میں کنزیومر نمبر یا دیگر ادائیگی کی تفصیلات دستی طور پر درج کرنیکی ضرورت نہیں ہوگی۔واسا کے مطابق کیو آر کوڈ اسکین کرتے ہی ادائیگی سے متعلق تمام معلومات خودکار طور پر ظاہر ہو جائیں گی، جس سے بلوں کی ادائیگی کا عمل مزید آسان، تیز اور محفوظ بن جائے گا۔