ایک ہزار سے زائد کمرشل اور گھریلو بجلی میٹر اتار کر کنکشن منقطع
فیسکو نے 77 لاکھ 80 ہزار 763 روپے کی ریکوری بھی حاصل کر لی گئی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) فیسکو کی جانب سے نادہندگان کے خلاف ریکوری آپریشن بھرپور انداز میں جاری ہے ، جس کے تحت فرسٹ ڈویژن سرگودھا میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران ایک ہزار سے زائد کمرشل اور گھریلو بجلی میٹر اتار کر کنکشن منقطع کر دیے گئے جبکہ 77 لاکھ 80 ہزار 763 روپے کی ریکوری بھی حاصل کر لی گئی۔ایکسین فرسٹ ڈویژن سرگودھا ہارون احمد گجر نے بتایا کہ چیف ایگزیکٹو فیسکو کی ہدایت پر ڈی ریکوری مہم تیز کر دی گئی ہے اور تمام متعلقہ سب ڈویژنوں کو روزانہ کی بنیاد پر واجبات کی وصولی کے لیے خصوصی آپریشن کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سپرنٹنڈنگ انجینئر ابرار احمد خان کو پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران 1,011 نادہندہ صارفین کے میٹر اتار کر بجلی کی فراہمی منقطع کی گئی۔ اس دوران فسٹ ڈویژن نے 77 لاکھ 80 ہزار 763 روپے کی ریکوری بھی کی۔ہارون احمد گجر کا کہنا تھا کہ سرکاری واجبات کی مکمل ادائیگی تک اتارے گئے کمرشل اور گھریلو میٹر دوبارہ نصب نہیں کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ریکوری مہم بلاامتیاز جاری رہے گی، جبکہ بلوں سے متعلق کسی بھی قسم کے تحفظات رکھنے والے صارفین دفتری اوقات کار میں متعلقہ دفاتر سے رابطہ کر کے اپنے مسائل حل کرا سکتے ہیں۔