بی ایس ٹیکسٹائل ڈیزائن کے تھیسز پر مبنی تین روزہ نمائش کا آغاز
سال آخر کے طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں اور فنی مہارتوں کا منفرد اظہار پیش کیا گیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) یونیورسٹی آف سرگودھا کے انسٹی ٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کے زیر اہتمام بی ایس ٹیکسٹائل ڈیزائن کے تھیسز پر مبنی تین روزہ نمائش کا آغاز ہو گیا جس میں سال آخر کے طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں اور فنی مہارتوں کا منفرد اظہار پیش کیا گیا ہے ۔نمائش کا افتتاح وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کیا، جبکہ ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ ہیومینٹیز پروفیسر ڈاکٹر شمشاد احمد مہمانِ اعزاز تھے ۔ نمائش میں 38 طلبہ کے تھیسز پیش کیے گئے ہیں جن میں جدید ٹیکسٹائل انڈسٹری کے تقاضوں سے ہم آہنگ ڈیزائن، ٹیکسٹائل پرنٹنگ، ویونگ، کشیدہ کاری، اپلیک ورک اور دیگر تخلیقی مصنوعات شامل ہیں۔نمائش کا اہتمام ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن مریم سیف اور ان کی ٹیم نے کیا جبکہ طلبہ کی رہنمائی ٹیکسٹائل فیکلٹی کے اساتذہ نے کی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے طلبہ کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی نمائشیں نوجوان تخلیق کاروں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے اور عملی دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔