اربوں کی سرکاری اراضی پر مبینہ قبضے ، کارروائی کی سفارش

اربوں کی سرکاری اراضی پر مبینہ قبضے ، کارروائی کی سفارش

اربوں کی سرکاری اراضی پر مبینہ قبضے ، کارروائی کی سفارش زمین پر بغیر اجازت مختلف تعمیراتی ڈھانچے کھڑے کیے گئے ، کارروائی کا امکان

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا کے شہری اور دیہی علاقوں میں اربوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی پر مبینہ قبضے ، غیر قانونی تعمیرات اور سرکاری ریکارڈ میں بے ضابطگیوں کا انکشاف سامنے آیا ہے ،اس حوالے سے تیار کی گئی ایک پینل رپورٹ میں متعلقہ اداروں کو فوری تحقیقات اور قانونی کارروائی کا کی سفارش کی گئی ہے ، ذرائع کے مطابق موضع بھیرہ سے لے کر سلانوالی تک تحصیل بھلوال، سرگودھا، شاہ پور، سلانوالی سمیت دیگر ملحقہ علاقوں سے گزرنے والی نہروں کے اطراف سرکاری زمینوں پر متعدد غیر قانونی تعمیرات قائم ہیں۔ دستاویز میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ نہری اراضی اور سرکاری ملکیت کی زمین پر بغیر اجازت مختلف تعمیراتی ڈھانچے کھڑے کیے گئے ، جبکہ بعض مقامات پر سرکاری رقبے کو ذاتی استعمال میں بھی لایا جا رہا ہے ،جبکہ سرکاری ریکارڈ کے مطابق یہ زمینیں عوامی مفاد اور متعلقہ محکموں کی ملکیت تصور کی جاتی ہے ۔ اس کے باوجود مبینہ طور پر بعض افراد نے مستقل نوعیت کی تعمیرات اور دیگر سرگرمیاں شروع کر رکھی ہیں،اس حوالے سے 1ہزار کے قریب تعمیرات اور متعدد کمرشل نوعیت کی سرگرمیوں کا سراغ ملا ہے ان میں بعض عمارتیں، چار دیواریاں اور دیگر ڈھانچے شامل ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری اراضی عوامی اثاثہ ہے اور اس کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بلاامتیاز کارروائی ضروری ہے ،ذرائع کے مطابق متعلقہ اداروں کی جانب سے رپورٹ میں اٹھائے گئے نکات کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور ابتدائی چھان بین کے بعد مزید کارروائی کا امکان ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں