محافل شہدائے کربلا و اہلِ بیتؓ کا آغاز‘ عاشقانِ رسولؐ کی شرکت
محافل شہدائے کربلا و اہلِ بیتؓ کا آغاز‘ عاشقانِ رسولؐ کی شرکت امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے خصوصی دعا کرائی گئی‘شرکا میں محفل میں لنگر تقسیم
میانی (نامہ نگار)جامع مسجد بلال گھوگھیاٹ شریف میں محافلِ شہدائے کربلا و اہلِ بیتؓ کا آغاز، عاشقانِ رسولؐ کی بھرپور شرکت۔جامع مسجد بلال گھوگھیاٹ شریف میں محافلِ شہدائے کربلا و اہلِ بیتِ اطہارؓ کے سلسلے کا باقاعدہ آغاز بعد از نمازِ عشاء کیا گیا۔ محفل میں علاقے بھر سے عاشقانِ رسولؐ نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور اہلِ بیتِ اطہارؓ سے اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔ تفصیلات کے مطابق محفل سے خطاب کرتے ہوئے حضرت علامہ مولانا عطاء المصطفیٰ رضوی نے واقعئہ کربلا کی عظمت، حضرت امام حسینؓ اور اہلِ بیتِ اطہارؓ کی لازوال قربانیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے حضرت علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ الکریم کی شان و فضیلت اور اہلِ بیتؓ کے مقام و مرتبہ کو قرآن و سنت کی روشنی میں بیان کیا۔یہ روحانی و بابرکت محفل حضرت علامہ مولانا محمد شفیق میانونی کی زیرِ صدارت جبکہ قاری خلیل الرحمن عرفانی کی زیرِ سرپرستی منعقد ہوئی۔ مقررین نے کہا کہ واقعئہ کربلا حق و باطل کے درمیان ایک عظیم معرکہ تھا جو قیامت تک انسانیت کیلئے صبر، استقامت اور حق پر ڈٹے رہنے کا درس دیتا رہے گا۔محفل کے اختتام پر ملکِ پاکستان کی سلامتی، استحکام، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور شہدائے کربلا کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا کرائی گئی۔ بعد ازاں شرکائے محفل میں لنگر تقسیم کیا گیا۔