نجی تعلیمی اداروں کو این او سی جاری کرنے اور رجسٹریشن کے دوران سنگین بے ضابطگیوں کا انکشاف
سینکڑوں نجی تعلیمی ادارے ایسی عمارتوں میں قائم جو بند ماحول پر مشتمل ،کم عمر بچوں کیلئے کھیل کے میدان اور غیر نصابی سرگرمیوں کی مناسب سہولتیں موجود نہیں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا میں محکمہ تعلیم اور دیگر متعلقہ اداروں کی مبینہ ملی بھگت سے قواعد و ضوابط پورے کیے بغیر نجی تعلیمی اداروں کو این او سی جاری کرنے اور رجسٹریشن دینے کے دوران سنگین نوعیت کی بے ضابطگیوں کی ابتدائی تحقیقات میں ہونیوالے انکشافات نے متعلقہ شعبوں میں میرٹ پالیسی پر سوالیہ نشان لگا دیا جبکہ مانیٹرنگ ادارے کی جانب سے واپس بھجوایا گیا ریکارڈ تاحال دوبارہ موصول نہیں ہو سکا اور چھان بین کا عمل رکاوٹوں کی نذر ہوکر رہ گیا ہے مانیٹرنگ ادارے نے گزشتہ سال نئی رجسٹریشن کے تمام کیسز عارضی طور پر روک کر واپس بھجوا ئے تھے۔
متعلقہ حکام کو ہدایت کی تھی کہ تمام قانونی اور انتظامی تقاضے مکمل کرنے کے بعد ہی کیسز دوبارہ پیش کیے جائیں، پہلے سے رجسٹرڈ نجی سکولوں کے این او سیز اور رجسٹریشن ریکارڈ کی بھی چھان بین شروع کی گئی اطلاعات کے مطابق ضلع بھر میں سینکڑوں نجی تعلیمی ادارے ایسی عمارتوں میں قائم ہیں جو محدود اور بند ماحول پر مشتمل ہیں ،جہاں طلبہ، خصوصاً کم عمر بچوں، کیلئے کھیل کے میدان اور غیر نصابی سرگرمیوں کی مناسب سہولتیں موجود نہیں۔