شاہ پور:مون سون الرٹ کے پیش نظر فلڈ ریلیف کیمپ قائم
شاہ پور:مون سون الرٹ کے پیش نظر فلڈ ریلیف کیمپ قائم کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے
شاہ پور (نمائندہ دنیا)حالیہ مون سون بارشوں اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کیے گئے الرٹ کے پیش نظر دریائے جہلم اور ملحقہ ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھنے کے خدشے کے باعث میونسپل کمیٹی شاہ پور میں فلڈ ریلیف کیمپ قائم کر دیا گیا ہے ۔چیف آفیسر میونسپل کمیٹی میڈم رحماء فہیم، لیگل ایڈوائزر شیخ جواد احمد قمر اور ملک محمد یعقوب نے فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر بتایا گیا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور ایک ٹیم کے طور پر کام کرتے ہوئے ممکنہ متاثرین کو بروقت امداد اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ مون سون کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔