ایل پی جی سلنڈر استعمال کرنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کیخلاف کریک ڈائون مزید تیز

ایل پی جی سلنڈر استعمال کرنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کیخلاف کریک ڈائون مزید تیز

بس ٹرمینلز پر خصوصی سکواڈز تشکیل دے دیے گئے ، چیک اینڈ بیلنس سخت کرنے کے احکامات

سرگودھا (سٹاف رپورٹر)حکومت پنجاب نے سرگودھا سمیت صوبہ بھر میں ایل پی جی سلنڈر استعمال کرنیوالی پبلک ٹرانسپورٹ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن مزید مؤثر بنانے اور چیک اینڈ بیلنس سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب کی ہدایت پر تمام اضلاع میں ضلعی انتظامیہ، سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز (ڈی آر ٹی ایز) اور متعلقہ اداروں کو کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔بس ٹرمینلز پر خصوصی سکواڈز تشکیل دے دیے گئے ہیںجبکہ ایل پی جی سلنڈر استعمال کرنے والی مسافر گاڑیوں کی باقاعدہ چیکنگ اور ان کے خلاف قانونی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کارروائیوں کے باوجود سرگودھا سمیت مختلف اضلاع میں پبلک ٹرانسپورٹ کی بڑی تعداد اب بھی غیر قانونی طور پر ایل پی جی سلنڈرز استعمال کر رہی ہے جو مسافروں کی جان و مال کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہے ۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ مہم کو منطقی انجام تک پہنچاتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ یقینی بنائی جائے ۔دوسری جانب حکومت نے غیر قانونی رکشہ باڈیز تیار کرنیوالے ورکشاپ مالکان اور دیگر متعلقہ عناصر کے خلاف بھی سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے ۔ ضلعی حکومتوں اور سیکرٹری ڈی آر ٹی ایز کو ہدایت کی گئی ہے ایسے افراد کیخلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں حفاظتی معیارات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں