پٹرول مہنگا ہونے پر نیو ایڈن گارڈن مسجد کے باہر مظاہرہ
پٹرول مہنگا ہونے پر نیو ایڈن گارڈن مسجد کے باہر مظاہرہ قیمتوں میں مسلسل اضافہ مہنگائی کے نئے طوفان کو جنم دے رہا ہے ، خالدمحمود
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کی جانب سے یونین کونسل نمبر 2 میں نیو ایڈن گارڈن مسجد کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاج کی قیادت جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی یونین کونسل نمبر 2 پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عارف نے کی، جبکہ کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،مظاہرین نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے حکومت سے فوری طور پر اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ مہنگائی کے نئے طوفان کو جنم دے رہا ہے ، جس کے باعث اشیائے ضروریہ، ٹرانسپورٹ اور روزمرہ استعمال کی تمام چیزوں کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہیں پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عارف نے کہا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات پر عائد بھاری لیوی اور ٹیکسوں کے ذریعے عوام پر ناقابل برداشت بوجھ ڈال رہی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری واپس لیا جائے ، پٹرولیم لیوی ختم کی جائے اور عوام کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments