سیال موڑ ریسٹ ایریا میں محکموں کے ہمراہ انفورسمنٹ آپریشن
سیال موڑ ریسٹ ایریا میں محکموں کے ہمراہ انفورسمنٹ آپریشن پانچ لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے ،6 دکانوں کو سیل کیا گیا، 5 افراد گرفتار
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) اسسٹنٹ کمشنر کوٹ مومن محسن ڈھلوں نے موٹر وے پر واقع سیال موڑ ریسٹ ایریا میں مختلف محکموں کے ہمراہ بھرپور انفورسمنٹ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران متعدد دکانوں کا معائینہ کیا گیا۔ اشیائے خورد و نوش سرکاری نرخنامے سے زائد قیمتوں پر فروخت کرنے پر دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔مجموعی طور پر پانچ لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے ۔آپریشن کے دوران 06 دکانوں کو سیل کیا گیا، جبکہ 05 افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر محسن ڈھلوں نے کہا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے ، اشیائے خورد و نوش مہنگے داموں فروخت کرنے ، سرکاری قوانین اور انتظامی احکامات کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ناجائز منافع خوری، اوور چارجنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی ۔تاکہ عوامی مفادات کا تحفظ اور قانون کی مکمل عملداری یقینی بنائی جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments