قیدی تک الیکٹرانک سامان پہنچانے کی مبینہ کوشش ناکام
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا میں سزائے موت کے قیدی تک ممنوعہ الیکٹرانک سامان پہنچانے کی مبینہ کوشش ناکام بنا دی گئی۔
جیل حکام کے مطابق چک نمبر 105 جنوبی کا رہائشی طیب عباس اپنے سگے بھائی، سزائے موت کے قیدی خاور سے ملاقات کے لیے ڈسٹرکٹ جیل پہنچا۔ ملاقات سے قبل سامان کی تلاشی کے دوران جیل عملے نے سالن کے پلاسٹک ڈبے میں مومی لفافے میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی ممنوعہ الیکٹرانک ڈیوائسز برآمد کر لیں، جو جیل کے اندر لے جانا ممنوع ہیں،برآمد ہونے والا سامان قیدی تک پہنچانے کی مبینہ کوشش کی جا رہی تھی، تاہم مستعد جیل عملے نے منصوبہ ناکام بنا دیا۔ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل عدنان اکرم کی درخواست پر طیب عباس کے خلاف تھانہ کینٹ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ، جبکہ پولیس واقعہ کے مختلف پہلوؤں پر تفتیش کر رہی ہے کہ آیا اس کے پیچھے کوئی منظم نیٹ ورک بھی سرگرم تھا یا نہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments