لوڈ شیڈنگ ،شہری رات جاگ کر گزارنے پر مجبور
بجلی کی آنکھ مچولی کے باعث تجارتی سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) شہر اور گردونواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور وقفے وقفے سے ہونے والی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو ناکوں چنے چبوا دیئے شدید گرمی، حبس اور بار بار بجلی کی بندش کے باعث لوگ سکون کی نیند سے محروم ہو گئے ہیں، جبکہ متعدد علاقوں میں شہری رات بھر جاگ کر وقت گزارنے پر مجبور ہیں،ذرائع کے مطابق گل والا، نیو ملت ٹاؤن ،مقام حیات، بخشی کالونی، سیٹلائٹ ٹاؤن، 47 پل، فاطمہ جناح کالونی، شمس آباد، کمپنی باغ روڈ سمیت شہر اور گردونواح کے متعدد علاقوں میں کئی کئی بار بجلی کی بندش معمول بن چکی ہے ۔ بجلی کی آنکھ مچولی کے باعث گھریلو معمولات کے ساتھ ساتھ چھوٹے کاروبار، ورکشاپس، دکانیں اور تجارتی سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہیں شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کا کوئی مقررہ شیڈول نہ ہونے کے باعث نہ دن کا سکون باقی رہا ہے اور نہ ہی رات کا آرام۔
رات کے اوقات میں بار بار بجلی بند ہونے سے پنکھے اور اے سی بند ہو جاتے ہیں، جس سے گھروں میں بچے ، بزرگ، خواتین اور بیمار افراد شدید اذیت کا شکار ہیں۔ کئی علاقوں میں لوگ بجلی بحال ہونے کے انتظار میں پوری رات جاگتے رہتے ہیں اور صبح اپنی ملازمتوں اور کاروبار پر انتہائی تھکن کی حالت میں جانے پر مجبور ہوتے ہیں، مسلسل لوڈشیڈنگ کے باعث پانی کی فراہمی بھی متاثر ہو رہی ہے ،جبکہ طلبہ امتحانات اور آن لائن تعلیم کی تیاری بھی مناسب انداز میں نہیں کر پا رہے ،شہریوں نے وزیراعظم میاں شہباز شریف، وفاقی وزیر توانائی اور متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرگودھا شہر اور گردونواح میں 24 گھنٹے بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو شدید گرمی اور حبس میں مزید اذیت سے بچایا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments