عوامی مشکلات کا حل جماعت اسلامی کے پاس ، آنسہ اشفاق
عوامی مشکلات کا حل جماعت اسلامی کے پاس ، آنسہ اشفاق بحران، بے قابو مہنگائی اور عوامی مشکلات کے ایک نہایت تشویشناک دور سے گزر رہا ہے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) موجودہ معاشی صورتحال، اور عوامی مشکلات کا حل صرف جماعت اسلامی کے پاس ہے ۔ نائب ناظمہ جماعت اسلامی پنجاب شمالی آنسہ اشفاق نے مرکز جماعت اسلامی سرگودھا میں پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت شدید معاشی بحران، بے قابو مہنگائی اور عوامی مشکلات کے ایک نہایت تشویشناک دور سے گزر رہا ہے ۔ آئندہ وفاقی بجٹ کی آمد سے قبل عوام پہلے ہی سخت معاشی دباؤ کا شکار ہیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار ردوبدل اور مسلسل اضافے نے نہ صرف سفری اخراجات میں بے پناہ اضافہ کیا ہے بلکہ اس کے اثرات روزمرہ استعمال کی تمام اشیاء کی قیمتوں پر بھی مرتب ہوئے ہیں۔گیس کی قیمتوں میں بارہا اضافہ اور گیس کی قلت نے عوام کی زندگی کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے ۔
بجلی کے نرخوں میں مسلسل اضافے ، بھاری بلوں اور اضافی ٹیکسوں نے گھریلو صارفین، تاجروں اور صنعتی شعبے کے لیے مسائل میں مزید اضافہ کر دیا ہے ۔اشیائے خوردونوش، ادویات، تعلیمی اخراجات اور دیگر بنیادی ضروریاتِ زندگی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ عام آدمی کی قوتِ خرید کو ختم کرتا جا رہا ہے ۔ مزدور طبقہ، دیہاڑی دار افراد، کسان، سرکاری و نجی ملازمین اور متوسط گھرانے شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں۔ نوجوان نسل بے روزگاری اور محدود معاشی مواقع کے باعث مایوسی اور بے یقینی کی کیفیت میں مبتلا ہے جبکہ غریب آدمی کے لیے اپنے اہلِ خانہ کی بنیادی ضروریات پوری کرنا بھی ایک کٹھن مرحلہ بنتا جا رہا ہے ۔آئندہ بجٹ میں ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جو عوام پر مزید مالی بوجھ ڈالنے کا سبب بنیں۔لہٰذا یہ اجتماع حکومتِ وقت سے پُرزور مطالبہ کرتا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری اور نمایاں کمی کی جائے ۔گیس کی قیمتوں میں اضافے کو واپس لیا جائے اور گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ گھریلو اور صنعتی صارفین مشکلات سے نجات حاصل کر سکیں۔ بجلی کے نرخوں میں اضافہ واپس لے کر عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments