سٹی بیوٹیفکیشن منصوبہ تاخیر کا شکار، تحقیقات کا فیصلہ

سٹی بیوٹیفکیشن منصوبہ تاخیر کا شکار، تحقیقات کا فیصلہ

سٹی روڈ اور کچہری بازار کے ترقیاتی کاموں میں غیر معیاری میٹریل کے استعمال پر عوامی شکایات ،منصوبہ پرمقررہ مدت گزرنے کے باوجود کام مکمل نہیں ہوسکا اعلیٰ سطحی ٹیم سرگودھا پہنچ کر تحقیقات کرے گی،تعمیراتی کام میں نقائص، غفلت اور مبینہ بے ضابطگیوں کے ذمہ دار افسران کی نشاندہی کرکے رپورٹ پیش کریگی

 سرگودھا(سٹاف رپورٹر) شہر کی خوبصورتی کے لیے شروع کیا گیا سٹی بیوٹیفکیشن منصوبہ شہریوں کے لیے سہولت کے بجائے مشکلات کا باعث بننے لگا، غیر معیاری میٹریل کے استعمال، ناقص تعمیرات، بارش کا پانی دکانوں میں داخل ہونے اور منصوبے کی مسلسل تاخیر کی شکایات پر پنجاب حکومت نے بالآخر تحقیقات کا فیصلہ کرلیا،ذرائع کے مطابق سٹی روڈ اور کچہری بازار کے ترقیاتی کاموں میں غیر معیاری میٹریل کے استعمال سے متعلق عوامی شکایات موصول ہونے پر حکومت نے منصوبے کی مکمل تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔ منصوبے کی بروقت تکمیل نہ ہونے اور بارش کے دوران پانی دکانوں میں داخل ہونے پر شہریوں اور تاجروں نے شدید احتجاج بھی کیا تھا۔

سٹی بیوٹیفکیشن منصوبے کی مقررہ مدت گزرنے کے باوجود کام مکمل نہیں ہوسکا، جس کے باعث سٹی روڈ اور کچہری بازار میں کاروباری سرگرمیاں متاثر اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ،حکومت کی ہدایت پر اعلیٰ سطحی ٹیم سرگودھا پہنچ کر منصوبے کا جوائنٹ انسپیکشن کرے گی اور تعمیراتی کام میں نقائص، غفلت اور مبینہ بے ضابطگیوں کے ذمہ دار افسران کی نشاندہی کرکے رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی،منصوبہ مقررہ مدت سے دو ماہ زائد گزرنے کے باوجود مکمل نہیں ہوسکا۔ شہریوں اور تاجروں نے مطالبہ کیا ہے کہ تحقیقات محض کاغذی کارروائی تک محدود نہ رکھی جائیں بلکہ ناقص کام اور تاخیر کے ذمہ داروں کا تعین کرکے سخت کارروائی کی جائے اور منصوبہ فوری مکمل کیا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...