مویشیوں کی صحت وبہبود کیلئے ایکسرے اور آپریشن تھیٹر کی جدید سہولت کا باقاعدہ افتتاح
ان سہولیات سے مویشی پال افراد کو اپنے جانوروں کے علاج کے لیے دور دراز علاقوں کا سفر نہیں کرنا پڑے گا، آپریشن تھیٹر میں ضروری جراحی علاج کی سہولت بھی میسر آئے گی، میکن
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)سرگودھا میں مویشیوں کی صحت و بہبود کے لیے ایکسرے اور آپریشن تھیٹر کی جدید سہولت کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب سول ویٹرنری ہسپتال نوری گیٹ سرگودھا میں ہوئی، جس میں پارلیمانی سیکرٹری لائیو سٹاک حکومت پنجاب سردار عاصم شیر میکن نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔پارلیمانی سیکرٹری لائیو سٹاک سردار عاصم شیر میکن نے ایکسرے اور آپریشن تھیٹر کی سہولت کا افتتاح کیا اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی جدید طبی سہولیات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر محکمہ لائیو سٹاک کے افسران نے انہیں سہولیات، طریقہ کار اور جانوروں کے علاج معالجے کے لیے فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں بریفنگ دی۔پارلیمانی سیکرٹری لائیو سٹاک سردار عاصم شیر میکن نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق حکومت پنجاب مویشی پال حضرات کی فلاح و بہبود، لائیو سٹاک کے فروغ اور انہیں جدید ویٹرنری سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔ مویشیوں کی صحت کا براہ راست تعلق مویشی پال افراد کے معاشی استحکام اور صوبے کی زرعی معیشت سے ہے ۔ سرگودھا میں ایکسرے اور آپریشن تھیٹر کی سہولت کا قیام اسی ویژن کی عملی تعبیر اور اس سلسلے کی اہم کڑی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایکسرے کی جدید سہولت کے ذریعے جانوروں میں ہڈیوں کے فریکچر اور دیگر طبی مسائل کی بروقت تشخیص ممکن ہوگی، جبکہ آپریشن تھیٹر میں ضروری جراحی علاج کی سہولت بھی میسر آئے گی۔ ان سہولیات سے مویشی پال افراد کو اپنے جانوروں کے علاج کے لیے دور دراز علاقوں کا سفر نہیں کرنا پڑے گا۔ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک ایکسٹینشن سید ندیم بدر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات اور ویژن کے مطابق محکمہ لائیو سٹاک جدید ویٹرنری سہولیات کی فراہمی اور مویشی پال حضرات کو علاج معالجے کی بہتر خدمات کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments