کھلے پلاٹوں سے کچرا فوری اٹھانے کا حکم
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا بازاروں، رہائشی علاقوں اور سرکاری دفاتر کا دورہ ، نالیوں کی باقاعدہ ڈی سلٹنگ اور صفائی کے انتظامات فوری بہتر بنانیکی ہدایت
سرگودھا (سٹاف رپورٹر )ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز و ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی محمد عاطف سندھو نے ہفتہ کی صبح سرگودھا شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران و فیلڈ اسٹاف کو صفائی کے معیار میں مزید بہتری لانے کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے یونین کونسلز 88، 89 اور 90، مختلف بازاروں، رہائشی علاقوں اور سرکاری دفاتر کے اطراف صفائی کی صورتحال کا معائنہ کیا، جہاں بعض مقامات پر کچرے کے ڈھیر موجود تھے ۔ انہوں نے شہریوں سے صفائی کے حوالے سے فیڈ بیک بھی لیا اور سینئر منیجر آپریشنز کو متعلقہ علاقوں میں نالیوں کی باقاعدہ ڈی سلٹنگ اور صفائی کے انتظامات فوری بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
محمد عاطف سندھو نے چک 91، چونا بھٹیاں میں نالیوں کی فوری ڈی سلٹنگ اور گلیوں کی صفائی، جبکہ بلاک نمبر 10، اندرون شہر، جی پی او کے اطراف اور دیگر مقامات پر کھلے پلاٹوں سے کچرا فوری اٹھانے کے احکامات جاری کیے ۔ متعلقہ ایف ایم اوز کو نوٹس جاری کرنے اور صفائی کی مؤثر نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔سلیمان پورہ کے دورے کے دوران انہوں نے واضح کیا کہ صرف گلیوں کی صفائی کافی نہیں بلکہ کھلے پلاٹوں کی صفائی بھی ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔
اے ڈی سی میونسپل سروسز نے ضلع کچہری، ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر آفس اور اراضی ریکارڈ سنٹر کے اطراف صفائی کا جائزہ لیتے ہوئے موجود کچرا فوری اٹھانے کی ہدایت کی۔ ضلع کچہری میں صفائی کے انتظامات بہتر بنانے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا کو بھی ضروری اقدامات کی ہدایت کی گئیماڈل ریڑھی بازار کے دورے کے دوران انہوں نے گیلے کوڑے کی علیحدہ تلفی کے لیے سبز کے ساتھ نیلے رنگ کے ڈسٹ بنز رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے معیار میں بہتری کے لیے ورکرز کی حاضری، مقررہ شیڈول پر عملدرآمد اور فیلڈ میں مؤثر نگرانی ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔دریں اثنا، ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی کی ہدایت پر تحصیل منیجر ز بھیرہ، بھلوال، ساہیوال اور کوٹ مومن نے بھی اپنے علاقوں میں ورکرز کے حاضری پوائنٹس کا معائنہ کیا اور صفائی عملے کی حاضری چیک کی۔محمد عاطف سندھو نے واضح کیا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے ، صفائی کے عمل میں غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور نشاندہی کیے گئے مقامات پر فوری کارروائی یقینی بنائی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments