شاہپور میں جشنِ میلاد النبیؐ کی مناسبت سے چراغاں، ریلی
مختلف چوکوں، اہم عمارتوں اور شاہراہوں کو برقی قمقموں سے روشن کر دیا گیا
شاہپور صدر (نامہ نگار ) شاہپور صدر، جھاوریاں، شاہپور سٹی اور گردونواح میں 12 ربیع الاول کی مناسبت سے شہر کے مختلف چوکوں، اہم عمارتوں اور شاہراہوں کو برقی قمقموں سے روشن کر دیا گیا، جس سے شہر کی رونقیں دوبالا ہو گئیں۔ میونسپل کمیٹی شاہپور صدر کی جانب سے محفلِ میلاد کا انعقاد کیا گیا، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر شاہپور میڈم یسریٰ سہیل بٹ اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی شاہپور میڈم رحماء فہیم کی زیرنگرانی جشنِ میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں ریلی بھی نکالی گئی۔ریلی میں تحصیلدار طلعت سپرا، شیخ جواد احمد ایڈووکیٹ، صفدر حسین کھوکھر، حاجی مظفر عباس سمیت کثیر تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے سبز جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور درود و سلام کی صداؤں کے ساتھ حضور اکرم ﷺ سے والہانہ عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔شہر کے مختلف مقامات پر سبز جھنڈیوں، خوبصورت سجاوٹ اور برقی قمقموں سے کیے گئے چراغاں نے شہریوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔ جگہ جگہ خوبصورت مناظر نے جشنِ میلاد النبی ﷺ کی خوشیوں کو مزید اجاگر کر دیا، جبکہ شہریوں نے میونسپل کمیٹی شاہپور کی جانب سے کیے گئے انتظامات کو بھی سراہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments