سرکاری دکانوں کی نئے سرے سے نیلامی پر تاجر پریشان

سرکاری  دکانوں  کی  نئے  سرے  سے  نیلامی  پر  تاجر  پریشان

کرایوں میں کئی گنا اضافے کی تجویز پر دکانداروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی،مجوزہ فیصلے کے خلاف عدالت عالیہ سے رجوع کیلئے ماہرین سے مشاورت شروع دکانوں کا ماہانہ کرایہ 50 ہزار روپے تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا، معاہدوں کی موجودگی میں دوبارہ نیلامی اور کئی گنا کرایہ بڑھانا ناقابل قبول ہوگا ، تاجر وں کا موقف

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) محکمہ ریونیو کی جانب سے میونسپل کارپوریشن سرگودھا کی سرکاری دکانوں کو نئے سرے سے نیلام کرنے اور ان کے کرایوں میں کئی گنا اضافے کی تجویز پر دکانداروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ متاثرہ دکانداروں نے مجوزہ فیصلے کے خلاف عدالت عالیہ سے رجوع کرنے کے لیے قانونی ماہرین سے مشاورت شروع کردی ہے ،ذرائع کے مطابق سرگودھا شہر میں میونسپل کارپوریشن کی 1200 سے زائد دکانیں عرصہ دراز سے مختلف تاجروں اور دکانداروں کو کرایے پر دی گئی ہیں۔ ان دکانوں کے ماہانہ کرائے طویل عرصے سے تقریباً 10 ہزار روپے تک رہے ہیں، تاہم اب محکمہ ریونیو کی جانب سے ان دکانوں کو نئے سرے سے نیلام کرنے اور مارکیٹ ریٹ کے مطابق کرایے مقرر کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے ، جس کے تحت بعض دکانوں کا ماہانہ کرایہ 50 ہزار روپے تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ،دکانداروں کا مؤقف ہے کہ ان کے میونسپل کارپوریشن کے ساتھ باقاعدہ معاہدے موجود ہیں اور کئی معاہدوں کی مدت ابھی مکمل نہیں ہوئی۔ تاجروں کے مطابق ماضی میں بھی دکانوں کے کرایوں میں اضافہ کیا جا چکا ہے ، اس لیے موجودہ معاہدوں کی موجودگی میں دوبارہ نیلامی اور کئی گنا کرایہ بڑھانا ان کے لیے ناقابل قبول ہے ۔متاثرہ دکانداروں کا کہنا ہے کہ 10 ہزار روپے کے قریب موجودہ کرائے کو بڑھا کر 50 ہزار روپے ماہانہ تک لے جانا کاروباری حالات کے تناظر میں انتہائی مشکل ہوگا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...