بجلی بلوں میں ٹیکسزکی بھرمار مشکلات بڑھا رہی ،منیب سلطان
لوڈشیڈنگ کے باعث گھریلو صارفین، طلبہ، مریضوںکو شدید مشکلات کا سامنا
بھاگٹانوالہ (نمائندہ دنیا) سابق صوبائی وزیر برائے ٹرانسپورٹ محمد منیب سلطان چیمہ نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام پہلے ہی مہنگائی اور بھاری ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، مگر اس کے باوجود بجلی کے بلوں میں مختلف ٹیکسز، سرچارجز اور اضافی وصولیوں کی بھرمار کرکے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف عوام سے بجلی کے بھاری بھرکم بل وصول کیے جا رہے ہیں جبکہ دوسری جانب گھنٹوں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہنا انتہائی افسوسناک اور عوام کے ساتھ سراسر ناانصافی کے مترادف ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمت ادا کرنے والے شہریوں کو بنیادی سہولت کی فراہمی کے بجائے مسلسل اذیت میں مبتلا کرنا ناقابل قبول ہے ۔منیب سلطان چیمہ نے کہا کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث گھریلو صارفین، طلبہ، مریضوں، تاجروں اور کاروباری طبقے کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شدید گرمی میں بجلی کی طویل بندش نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ، جبکہ کاروبار اور معیشت بھی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ بجلی کے بلوں پر عائد غیر ضروری ٹیکسوں اور اضافی چارجز کا فوری ازسرنو جائزہ لیا جائے اور عوام کو گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے نجات دلائی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments