آسٹریلوی ہائی کمشنر مسٹر ٹموتھی کین کا لائلپور میوزیم کا دورہ

آسٹریلوی ہائی کمشنر مسٹر ٹموتھی کین کا لائلپور میوزیم کا دورہ

آسٹریلوی ہائی کمشنر مسٹر ٹموتھی کین کا لائلپور میوزیم کا دورہ تاریخی و ثقافتی ورثے میں گہری دلچسپی کا اظہار،مقبول ملک نے گلدستہ پیش کیا

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) آسٹریلیا کے ہائی کمشنر مسٹر ٹموتھی کین نے لائلپور میوزیم فیصل آباد کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر لائلپور میوزیم مقبول ملک نے میوزیم کے افسران و عملے کے ہمراہ معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں گلدستہ پیش کیا۔ ڈائریکٹر لائلپور میوزیم نے مسٹر ٹموتھی کین کو میوزیم کی دس گیلریوں کا تفصیلی دورہ کرایا اور فیصل آباد و گردونواح کی تاریخ، تہذیب، ثقافت، روایات اور تاریخی ورثے کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے میوزیم کی گیلریوں میں محفوظ تاریخی نوادرات، فن پاروں، قدیم اشیا اور دیگر ثقافتی شواہد میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔اس موقع پر انہیں بالخصوص ساندل بار کی ثقافت و ورثے ، علاقائی روایات، قدیم طرزِ زندگی، ٹیکسٹائل ورثے اور لائلپور سے فیصل آباد تک شہر کے تاریخی سفر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔گفتگو کرتے ہوئے مسٹر ٹموتھی کین نے کہا کہ میوزیم صرف تاریخی نوادرات کے تحفظ کے مراکز نہیں بلکہ مختلف اقوام اور معاشروں کے درمیان ثقافتی پل کا کردار بھی ادا کر سکتے ہیں۔ یہ ادارے ثقافتی روابط اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے میوزیمز مشترکہ نمائشوں، ماہرین کے تبادلے اور ثقافتی پروگراموں کے ذریعے باہمی تعاون کو مزید فروغ دے سکتے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کی تاریخ اور ثقافت کو بہتر طور پر سمجھنے کے مزید مواقع میسر آئیں گے ۔

 

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...