ایم این اے جمال احسن کا نمک کان حادثے میں شہید نوجوان کے گھر کا دورہ
کالاباغ (نمائندہ دنیا) حلقہ این اے 95 کے ممبر قومی اسمبلی جمال احسن خان نے گزشتہ روز وانڈا ککڑانوالا میں نمک کان کے دلخراش حادثے میں شہید ہونے والے نوجوان ضامن عباس کے گھر کا دورہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے مرحوم کے والد اور دیگر سوگوار خاندان کے افراد سے ملاقات کی اور گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔تعزیت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے جمال احسن خان کا کہنا تھا کہ اس المناک حادثے میں قیمتی جان کا ضیاع پورے علاقے کے لئے ایک ناقابلِ تلافی نقصان اور گہرے صدمے کا باعث ہے ۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ دکھ کی اس مشکل گھڑی میں وہ متاثرہ خاندان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ان کے ساتھ ہر قدم پر شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ایم این اے نے مزید کہا کہ شہید ضامن عباس کے ورثا کے حقوق اور ان کے تمام جائز مطالبات کے حصول کے لئے ہر ممکن قانونی و انتظامی کوشش کی جائے گی تاکہ متاثرہ خاندان کو مکمل انصاف فراہم کیا جا سکے ۔ آخر میں انہوں نے مرحوم ضامن عباس کی مغفرت، بلندیِ درجات اور پسماندگان کے لئے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments