ماڈل ٹائون منصوبہ، پلاٹوں کی عدم فروخت، رہائشی و کمرشل کیلئے کوئی خریدارنہ پہنچا
رہائشی پلاٹ کی مارکیٹ ویلیو 12 لاکھ روپے مرلہ کمرشل کی قیمت 25 لاکھ روپے مرلہ مقرر ،موجودہ مارکیٹ خریداروں کو راغب کرنے میں ناکام ثابت ہورہی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا ماڈل ٹاؤن منصوبہ پلاٹوں کی مسلسل عدم فروخت کے باعث ایک بار پھر مشکلات میں گھر گیا، دوسری نیلامی میں بھی رہائشی و کمرشل پلاٹس خریدنے کے لیے کوئی خریدار نہ پہنچا جس سے منصوبے کی آبادکاری اور ایس ڈی اے کی متوقع آمدن پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ماڈل ٹاؤن میں 850 سے زائد پلاٹس نیلامی کے لیے رکھے گئے تھے تاہم مقررہ قیمتوں اور بنیادی سہولیات کی صورتحال کے باعث شہریوں اور سرمایہ کاروں نے دلچسپی ظاہر نہیں کی۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے رہائشی پلاٹ کی مارکیٹ ویلیو 12 لاکھ روپے فی مرلہ جبکہ کمرشل پلاٹ کی قیمت 25 لاکھ روپے فی مرلہ مقرر کی گئی ہے ، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ مارکیٹ حالات میں یہ قیمتیں خریداروں کو راغب کرنے میں ناکام ثابت ہورہی ہیں، بالخصوص اس لیے کہ ماڈل ٹاؤن مرکزی شاہراہ سے ہٹ کر واقع ہونے کے ساتھ ابھی مکمل طور پر آباد بھی نہیں۔ ذرائع کے مطابق منصوبے کے ابتدائی مرحلے میں شہریوں کو تقریباً 78 ہزار روپے فی مرلہ کے حساب سے پلاٹس کی پیشکش کی گئی تھی مگر اس وقت بھی خاطر خواہ پذیرائی نہ مل سکی، جبکہ اب قیمتوں میں کئی گنا اضافے کے باوجود بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی نے خریداروں کی دلچسپی مزید متاثر کردی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments