سرکاری دکانوں کی نیلامی کا عمل سست روی کا شکار
ایک ہزار سے زائد دکا نوں کی دوبارہ نیلامی کا عمل شروع کیا گیا تھا ،متعدد پرانے کرایہ دار بھی زیادہ کرایوں کے باعث دوبارہ نیلامی میں حصہ لینے سے گریزاں
سرگودھا (سٹاف رپورٹر )دکانداروں کی عدم دلچسپی کے باعث محکمہ ریونیو کی جانب سے شہر کی ایک ہزار سے زائد سرکاری دکانوں کی نئے سرے سے نیلامی کا عمل سست روی کا شکار ہوگیا۔ بورڈ آف ریونیو پنجاب کی ہدایت پر محکمہ ریونیو نے میونسپل کارپوریشن سرگودھا کی جانب سے کرایے پر دی جانے والی ایک ہزار سے زائد دکانیں اپنے قبضے میں لے کر دوبارہ نیلامی کا عمل شروع کیا تھا، جن میں شہر کے تینوں شاپنگ پلازوں کی دکانیں بھی شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق مقرر کردہ بھاری کرایوں کے باعث دکانداروں میں نیلامی کے حوالے سے مطلوبہ دلچسپی پیدا نہیں ہو رہی، جبکہ متعدد پرانے کرایہ دار بھی زیادہ کرایوں کے باعث دوبارہ نیلامی میں حصہ لینے سے گریزاں ہیں۔ اس صورتحال کے باعث بڑی تعداد میں دکانیں تاحال نیلامی کے مرحلے میں ہیں اور سرکاری املاک سے حاصل ہونے والی آمدن بھی مطلوبہ رفتار سے نہیں بڑھ سکی۔اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق نیلامی کے عمل میں پہلے ترجیح پرانے کرایہ داروں کو دی جا رہی ہے تاکہ وہ مقررہ شرائط اور کرایے کے تحت دوبارہ دکانیں حاصل کر سکیں، تاہم جو دکاندار نیلامی میں حصہ نہیں لیں گے ، ان کی دکانیں دوسرے خواہشمند افراد کو نیلامی کے ذریعے کرایے پر دے دی جائیں گی۔اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ دکانوں کی نیلامی روکنے کے حوالے سے کوئی عدالتی حکم موصول نہیں ہوا، اس لیے نیلامی کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق بھاری کرایوں اور موجودہ کاروباری حالات کے باعث دکانداروں کی محدود دلچسپی نے محکمہ ریونیو کے لیے ایک ہزار سے زائد دکانوں کی نیلامی مکمل کرنا چیلنج بنا دیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments